گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال میں سموگ کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد
11-04-2023
(لاہور نیوز) گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال میں سموگ کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد ہوا۔ واک میں ڈاکٹرز، نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور طلبہ کی شرکت ہوئی۔
آگاہی واک میں ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر حامد حسن اور سینئر ڈاکٹرز کی خصوصی شرکت ہوئی۔ ایم ایس ڈاکٹر حامد حسن کا کہنا تھا کہ سموگ کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہونا پڑے گا، یہ مسئلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سنجیدہ صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، اگر اس پر سنجیدگی سے کام نہ کیا تو اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے، ہمیں اس کے خلاف احتیاط لازمی کرنی چاہیے۔ واک میں شرکت کرنے والے طلبہ اور ڈاکٹرز نے ہاتھوں میں سموگ کے خلاف آگاہی مہم کے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر ظہیر اختر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 4 موسم ہیں جبکہ صرف پاکستان میں 5 موسم ہیں اور پانچواں موسم سموگ کا ہے جو ہماری ہی کوتاہیوں کی وجہ سے ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ ماسک کا لازمی استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں ایک مہینے کے لئے سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔