غیر شرعی نکاح کیس: عدالت کا آئندہ سماعت پر فریقین کے دلائل ایک ساتھ سننے کا حکم

11-04-2023

(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی، عدالت نے فریقین کی جانب سے ایک ساتھ دلائل سننے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی ، سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں پیش ہوئے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے وکیل شیر افضل مروت عدالت پیش نہیں ہوئے ، سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے اعلیٰ عدلیہ کے مختلف حوالے دیے ، سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے شیر افضل مروت کی عدم حاضری پر اعتراض اٹھایا ۔ وکیل شیر افضل مروت کی جانب سے معاون وکیل عدالت پیش ہوئے، پی ٹی آئی معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیر افضل مروت بیرون ملک ہیں، آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہوں گے۔ پی ٹی آئی معاون وکیل نے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کر دی ، عدالت نے فریقین کی جانب سے ایک ساتھ دلائل سننے کا حکم دیا ۔ جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ دونوں فریقین سے دلائل سننے کے بعد کیس آگے چلایا جائے گا، عدالت نے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔  یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت جلد مقرر کرنے کیلئے سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے درخواست دائر کی تھی۔