9 مئی مقدمات میں پیشرفت،81 ملزمان جیل سے عدالت طلب

11-04-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات میں گرفتار 81 ملزمان کو جیل سے عدالت طلب کرلیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے  سانحہ 9 مئی کے چار مقدمات میں نامزد 81 ملزمان  کی 15 نومبر کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے ہیں جبکہ گرفتار نہ ہونے والوں اور ضمانتوں پر رہا ملزمان کے متعلق پراسیکیوٹر کو ہدایت لے کر آنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے نیشنل پارک کے سامنے کنٹینر جلانے کے کیس میں 21 ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا، گلبرگ میں کنٹینر جلانے کے کیس میں 31 ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، عدالت نے پرائم منسٹر ہاؤس حملہ کیس میں نامزد 17 ملزمان کو بھی طلب کیا  ہے جبکہ مسلم لیگ ن ہاؤس جلانے کے کیس میں بھی 12 ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ نیا چالان آیا ہے ، چالان میں شامل ملزمان کو طلب کیا جاتا ہے ، اس مقدمہ میں دیگر ملزمان کی حد تک چالان بھی پیش کیا جائے ، جس پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جو ملزمان زیر حراست ہیں اور جیل میں ہیں انکا چالان پیش کیا گیا ہے ، ملزمان میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر شامل ہیں۔