صبور میری زندگی، بات نہ کرے تو خود کو تنہا محسوس کرتا ہوں:علی انصاری
11-04-2023
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار علی انصاری نے کہا ہے کہ اہلیہ صبور میری زندگی کا حصہ ہے، وہ مجھ سے بات نہ کرے تو خود کو تنہا محسوس کرتا ہوں۔
حال میں اداکار علی انصاری نے غیر ملکی میگزین کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے مختلف موضوعات سمیت اپنی شادی شدہ زندگی کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی اور اہلیہ صبور علی کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے۔ شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علی انصاری نے کہا کہ میں نے صبور علی کے ساتھ ارینج میرج کی تھی تاہم میں انہیں پہلے سے جانتا تھا، میں نے ان کے ساتھ مختلف ڈراموں میں کام کیا ہوا تھا اور وہ میری بہن مریم انصاری کی قریبی دوست بھی تھی۔ ارینج میرج کے فوائد کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ ارینج میرج میں بہت سارے فائدے ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ دو اجنبی انسانوں کو ایک دوسرے کو نئے طریقے سے جاننے کا موقع ملتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صبور میری زندگی کا حصہ ہے، وہ مجھ سے بات نہ کرے تو خود کو تنہا محسوس کرتا ہوں۔