لاہور چڑیا گھر کو اپ گریڈیشن منصوبے کے باعث تین ماہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ
11-03-2023
(ویب ڈیسک) لاہور چڑیا گھر کو اپ گریڈیشن منصوبے کی وجہ سے تین ماہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چڑیا گھر 7 نومبر سے 31 جنوری 2024 تک مکمل بند رہے گا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور چڑیا گھر اور سفاری زو کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ لاہور چڑیا گھر کو تعمیراتی کام کی وجہ سے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ اس دوران لاہور چڑیا گھر کے جانوروں کو وائلڈ لائف پارک جلو اور چھانگا مانگا منتقل کیا جائیگا۔ چڑیا گھر کے جانوروں اور پرندوں کی منتقلی کا کام آئندہ چند روز میں شروع ہو جائیگا۔ لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کی اپ گریڈیشن پر کم از کم 5 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ چڑیا گھر میں پانڈا سمیت نئے جانور لانے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔