ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی پروموٹ ہونے والے افسران کے اعزاز میں تقریب
11-03-2023
(لاہور نیوز) سنٹرل پولیس آفس میں ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی پروموٹ ہونے والے افسران کے اعزاز میں تقریب ہوئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے پروموٹ ہونے والے 50 اے ایس آئیز کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔ پروموٹ ہونے والوں میں آپریشن ونگ کے 28 ، انویسٹی گیشن کے 13 اور ایلیٹ فورس کے 04 اے ایس آئیز شامل ہیں۔ سی سی پی او آفس کے 02 ، سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا 01 ، سی آئی اے کا 01 اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں تعینات 01 اے ایس آئی شامل ہیں۔ پروموٹ ہونے والے اے ایس آئیز کے بچوں ، اہلخانہ اور عزیز و اقارب کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت ہوئی۔ آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے اے ایس آئیز کو مبارک باد دی اور مزید تندہی سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق تمام اضلاع اور رینک پر ترقی کا عمل جاری ہے، محکمانہ ترقی اور ویلفیئر اقدامات کا فائدہ پہلے سے زیادہ اچھی پرفارمنس کی صورت میں شہریوں کو منتقل کریں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا خواتین ، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کو ہر ممکن مدد ، تعاون اور سماجی تحفظ فراہم کیا جائے،کمیونٹی پولیسنگ کے تحت شہریوں کو خوش اخلاقی کے ساتھ بہترین خدمات مہیا کی جائیں۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔