سرکاری گندم کا اجراء 3 روز سے تاخیر کا شکار

11-03-2023

(لاہور نیوز) سرکاری گندم کا اجراء 3 روز سے تاخیر کا شکار ہے۔ یکم نومبر سے اب تک گندم ریلیز پالیسی کا اعلان نہ ہو سکا۔

گندم بیوپاریوں نے نجی گندم کی قیمتوں میں 300 روپے فی من تک اضافہ کیا۔ لاہور میں گندم کی قیمت 4400 روپے سے بڑھ کر4670 روپے ہو گئی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں قیمت4500  سے بڑھ کر4685 روپے فی من ہو گئی ہے۔ فلورملز نے پنجاب بھر میں آٹا قیمتوں میں 50 روپے فی تھیلا اضافہ کر دیا۔ میدہ فائن کی قیمت میں200 روپے فی بوری اضافہ کردیا۔ امپورٹڈ گندم کی قیمت میں بھی 100 تا 200 روپے فی بوری اضافہ ہوا ہے۔ 17 اکتوبر کو فیصل آباد میں نگران وزیر اعلی کے بیان کے بعد پنجاب میں گندم اور آٹا کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی۔ گزشتہ ہفتے محکمہ خوراک کی جانب سے سرکاری گندم ریلیز پالیسی کی سمری منظوری کیلئے ایوان وزیر اعلی میں بھجوائی گئی تاہم نگران کابینہ اجلاس میں ریلیز پالیسی کی سمری پیش نہیں ہو سکی۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4400 روپے تک آ گئی اور دوبارہ بڑھ کر4700 روپے تک جا پہنچی ہے۔ ریلیز پالیسی کے اعلان میں تاخیر کے باعث گندم کی قیمت5 ہزار روپے پہنچنے کا خدشہ ہے۔