غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کیلئے پولیس کا آپریشن، 500 سے زائد افراد گرفتار

11-03-2023

(لاہور نیوز) ملک میں غیرقانونی رہائش پذیر افراد کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ 2 روز کے دوران 500 سے زائد غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

 نادرا اور ایف آئی اے کی ٹیم غیرقانونی رہائش پذیرافراد کے کوائف چیک کر رہے ہیں۔ سکیننگ اور میپنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ پراسس مکمل ہونے کے بعد ان کو اپنے ممالک میں بھیجا جائے گا۔ پنجاب پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار مختلف آبادیوں میں جا کر سکیننگ کر رہے ہیں۔ ٹیموں کو رینجرز اور پولیس کی سکیورٹی میسر ہے۔ غیر قانونی افراد کو 31 اکتوبر تک از خود ملک چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔ پکڑے جانے والے غیر قانونی غیر ملکی افراد کیلئے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ہولڈنگ ایریاز اور عارضی کیمپس قائم ہیں۔ ان کیمپوں میں رہائش، کھانے پینے، طبی امداد اور  سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ کیمپوں میں مردوں اور عورتوں کیلئے علیحدہ رہائش گاہیں موجود ہیں۔ غیر قانونی تارکین وطن کی پنجاب سے واپسی کیلئے حکومت نے دو دن جمعہ اور ہفتہ مختص کئے ہیں۔