سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

11-03-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے سائفر کیس میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے درخواست میں مدعی مقدمہ نسیم کھوکھر اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سائفر کیس سابق وزیر اعظم کے خلاف سیاسی مقدمات کی ایک کڑی ہے، ٹرائل کورٹ یہ سمجھنے میں ناکام رہی ہے۔ سابق وزیراعظم نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ درخواست ضمانت آئین کے آرٹیکل 185 کے تحت دائر کی گئی ہے، اس مقدمے میں وزارت داخلہ کے ماتحت ایف آئی اے کی بدنیتی صاف ظاہر ہے، سائفر اور فارن فنڈنگ مقدمات ایف آئی اے کی بدنیتی کو صاف ظاہر کرتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزم کو مقدمے میں ضمانت پر رہا کیا جائے۔