نور بخاری ڈپریشن اور مذہب سے متعلق بیانات پر شوبز فنکاروں پر برہم

11-03-2023

(ویب ڈیسک) مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کی خودکشی کے بعد مختلف شوبز شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈپریشن کا مذہب سے دوری سے کوئی تعلق نہیں اور اس کا علاج ہونا چاہئے لیکن اب ماضی کی اداکارہ نور بخاری نے شوبز فنکاروں کو ان بیانات پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

نور بخاری نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’اللہ آپ (مولانا طارق جمیل ) کو صبر دے، بدقسمتی سے کچھ بے رحم سیلیبریٹیز نے لکھنا شروع کردیا ہے کہ ڈپریشن کا دین سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ آپ کے بیٹے کی مثال دے رہے ہیں‘۔ اداکارہ نے اداکاروں کے اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ وہ مولانا سے معذرت کرتی ہیں اور ان (شوبز فنکاروں) کو شرم نہیں آتی۔ عاصم جمیل کی موت پر معروف اداکارہ  زارا نور عباس نے کہا ہے کہ ذہنی امراض جیسے ڈپریشن وغیرہ کی وجہ دین سے دوری نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح ایک مرض ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام سٹوری میں شکوہ کیا کہ معاشرے میں ڈپریشن کو دین سے دوری سمجھا جاتا ہے، ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کی وجہ مذہب سے لاتعلقی کو کہا جاتا ہے لیکن مولانا صاحب کا گھرانہ مذہبی اور قابل عزت گھرانہ ہے۔