نگران صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ کے سموگ سے بچاؤ کیلئے مفید مشورے

11-03-2023

(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے مفید مشورے دے دیئے۔

نگران صوبائی  وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ سموگ گلے، سانس  اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے، سموگ سے بچنے کے لئے شہری ماسک ضرور پہنیں، ہاتھ ، چہرہ اور آنکھیں باربار  دھوئیں،گلے میں خراش ہو تو نیم گرم پانی  استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ  پنجاب حکومت نے زیر تعمیر عمارتوں اور ترقیاتی منصوبوں کے نزدیک پانی کا چھڑکاؤ لازم قرار دیا ہے ،کاشتکار فصلوں کی باقیات مت جلائیں اور کسی موزوں طریقے سے تلف کریں،تمام سرکاری و نجی سکولوں میں ماسک کا استعمال ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول کی کوالٹی چیک کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جا سکتی ہیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، رواں سال سموگ کا دورانیہ کم ہے، بارشیں جلد متوقع ہیں۔