زہریلی سموگ سے سینکڑوں افراد بیمار ہوکر ہسپتال جاپہنچے
11-03-2023
(لاہور نیوز) سموگ شہریوں پر بھاری پڑنے لگی،صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ ہوگیا، زہریلی سموگ سے سینکڑوں افراد بیمار ہوکر ہسپتال جاپہنچے۔
لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں ان دنوں پھر سر فہرست دکھائی دے رہا ہے، سموگ نے سینکڑوں شہریوں کو بیمار کر کے ہسپتال پہنچا دیا، جناح ہسپتال میں گزشتہ دو روز میں 200 ، میو اور گنگارام ہسپتال میں 150،150مریض رپورٹ ہوئے۔ جناح ہسپتال کے پروفیسر اشرف ضیاء کا کہنا ہے کہ سموگ کے باعث خشک کھانسی، گلے کی خرابی،آنکھوں میں خارش اور سانس میں دشواری کی شکایات رپورٹ ہو رہی ہیں، ناک، کان، گلا اور پھیپھڑ وں کے مریضوں کےلئے بھی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ طبی ماہرین نے تجویز دی ہے کہ سموگ کے دوران سانس کے مریض خاص احتیاط برتیں اور گھروں سے باہر نہ جائیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کیا جائے۔