پاکستان پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کی مخالفت کر دی

11-02-2023

(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کی مخالفت کر دی۔ پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز یونین کے ساتھ مل کر لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی لیبر بیورو کے صدر چودھری منظور احمد اور پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز یونین کے صدر ہدایت اللہ خان نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ چودھری منظور احمد نے کہا کہ پی آئی اے کو بیچنا بندر بانٹ ہے، 5 ارب کے پارٹس ایسے طیاروں کے خریدے گئے جو ہمارے پاس ہے ہی نہیں، پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ ہدایت اللہ خان کا کہنا تھا پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہو رہی بلکہ اسے اونے پونے داموں بیچا جارہا ہے۔ اس سے پہلے پیپلز پارٹی لیبر بیورو اور پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے پی آئی اے کی نجکاری نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔