سموگ ایمرجنسی نافذ ہونے کے بعد 80 فیصد طلبہ ماسک پہن کر سکولوں میں حاضر ہوئے
11-02-2023
(لاہور نیوز) سموگ ایمرجنسی نافذ ہونے کے بعد سکولوں میں ماسک کا استعمال لازم قرار دیا گیا۔ 80 فیصد طلبہ ماسک پہن کر سکولوں میں حاضر ہوئے۔
اساتذہ نے بچوں کو سموگ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی دی۔ اساتذہ اور بچوں کا کہنا تھا کہ سموگ کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ماسک پہننا لازم ہو گیا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی پرویز اختر نے بھی مختلف سکولوں کے دورے کیے اور سموگ کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماسک کے حوالے سے گزشتہ روز دیر سے فیصلہ ہوا اس لیے آج سو فیصد عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے لیے سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے جس میں طلبہ کے ساتھ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے لیے بھی ماسک لازم قرار دیا گیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر کیا گیا ہے۔