لیسکو کا مٹیریل فراہم کرنے کا جدید سسٹم مطلوبہ نتائج نہ دے سکا

11-02-2023

(لاہور نیوز) مٹیریل فراہم کرنے کی لیسکو کی نئی پالیسی نے صارفین کے ساتھ افسران کو بھی چکرا کر رکھ دیا۔ خراب میٹرز بروقت تبدیل ہوئے نہ نئے کنکشن لگ سکے۔

مٹیریل کی کمی اور سٹاف کی مہارت نہ ہونے سے صارفین کے ساتھ افسران بھی پریشان ہیں۔ صارفین لیسکو دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ نئے کنکشن اور خراب میٹرز کی تبدیلی سمیت دیگر سامان کیلئے ای آر پی سسٹم متعارف کروایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ سسٹم اب وبال جان بن گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو فیلڈ سٹاف ای آر پی سسٹم پر ڈیمانڈ دیتے ہیں مگر سامان نہیں ملتا۔ لیسکو کے زیادہ تر لائن سپرنٹنڈنٹس نئے سسٹم بارے مکمل آگاہ نہیں ہیں۔ زیادہ تر سینئر لائن سپرنٹنڈنٹس کمپیوٹر پر کام کرنے کی اہلیت ہی نہیں رکھتے۔ بہتر ٹریننگ اور سسٹم آپریٹ کرنے کی اہلیت نہ ہونے سے کام مزید تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ لیسکو ریجن میں خراب میٹرز کی تعداد ساٹھ ہزار سے زائد ہے۔ خراب میٹرز بروقت تبدیل نہ ہونے پر متعدد صارفین چار ماہ سے ایوریج بل ادا کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایوریج بلنگ کے ساتھ بریک اپ یونٹس اور ڈی ٹیکشن بل بھی بھجوائے جا رہے ہیں۔