لاہور میں مارکیٹ اور سکول بند کرنے سے سموگ ختم نہیں ہوگی: شیری رحمان

11-02-2023

(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر برائے ماحولیات شیری رحمان نے کہا ہے کہ لاہور میں مارکیٹ اور سکول بند کرنے سے سموگ کا تدارک نہیں کیا جا سکتا۔

سینیٹر شیری رحمان کا پنجاب میں سموگ کے حوالے سے بیان میں کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں اور خاص طور پر لاہور میں سموگ کی صورتحال کا گزشتہ ماہ سے قریب سے مشاہدہ کر رہی ہوں، میں نے گزشتہ ماہ التجا کی تھی کہ مارکیٹ اور سکول بند کرنے سے سموگ کا تدارک نہیں کیا جا سکتا، افسوس کی بات ہے کہ اب سموگ ملتان تک پہنچ گئی ہے اور صوبے میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔  شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس نیشنل کلین ایئر پالیسی 2023 موجود ہے، اس پرعملدرآمد کیوں نہیں کیا جا رہا ہے؟ ہمیں پہیے کو دوبارہ ایجاد کرنے کی ضرورت نہیں ہے، سکولوں میں ماسک لازمی ضرور قرار دیں لیکن یہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ سینیٹر شیری رحمان کا مزید کہنا ہے کہ عارضی اقدامات سموگ سے بچنے کیلئے احتیاتی تدابیر تو ہوسکتے ہیں لیکن سموگ کے خاتمے کا حل نہیں، اہم فیصلے نہیں لئے گئے تو سموگ سے بہت ساری زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوگا۔