آسٹریلیا کے مچل مارش ورلڈکپ سے باہر، میکسویل انجری کا شکار
11-02-2023
(ویب ڈیسک) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر مچل مارش ذاتی وجوہات کی بنا پرغیر معینہ مدت کیلئے ورلڈکپ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس چلے گئے۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا گروپ سٹیج اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ میگا ایونٹ میں موجود تقریباً تمام ٹیمیں اپنے آدھے سے زیادہ میچز کھیل چکی ہیں۔ ایسے موقع پر جب تمام ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے جان مار رہی ہیں وہیں آسٹریلیا کو مچل مارش کی صورت میں ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ آسٹریلوی آل راونڈر اچانک ٹیم چھوڑ کر وطن واپس لوٹ گئے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مچل مارش ذاتی وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا واپس گئے ہیں، وہ انگلینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ مچل مارش کی واپسی کی معلومات بھی تاحال نہیں ہیں۔ دوسری طرف نیدرلینڈز کے خلاف 44 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنانے والے آسٹریلوی آل راونڈر گلین میکسویل بھی انجری کا شکار ہیں۔ وہ کنکشن کے باعث ہفتے کو انگلینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیل پائیں گے۔