’’میں بالکل ٹھیک ہوں‘‘ فیصل قریشی کی اپنے شدید زخمی ہونے کی تردید

11-02-2023

(ویب ڈیسک) معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے اپنے شدید زخمی ہونے سے متعلق یوٹیوب پر وائرل خبروں کی تردید کردی ۔

فیصل قریشی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنے مداحوں اور دوستوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اداکار نے کہا کہ میں لاہور سے کراچی پہنچا تو مجھے بےانتہا فون کالز اور میسجز آنے لگے اور سب مجھ سے میری خیریت دریافت کرنے لگے۔ اداکار نے کہا کہ میں حیران ہوگیا کیونکہ میں تو بالکل ٹھیک ہوں، پھر مجھے پتا چلا کہ کسی یوٹیوبر نے صرف چند ویوز کی خاطر میرے حوالے سے جھوٹی خبر پھیلائی ہے۔   اُنہوں نے کہا کہ یوٹیوبر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں (فیصل قریشی) خطرناک حادثے کا شکار ہوگیا ہوں، میں شدید زخمی ہوں اور چلنے کے قابل بھی نہیں رہا۔ فیصل قریشی نے یوٹیوب پر زیرِگردش ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، یہ خبرجھوٹی اور بےبنیاد ہے، اللہ نہ کرے اگر کبھی میرے ساتھ کوئی حادثہ پیش آجاتا ہے تو سب سے پہلے میری اہلیہ اور میرے قریبی دوست ہی سب کو آگاہ کریں گے۔ اداکار نے مزید کہا کہ کبھی ایسے کسی یوٹیوبر کی باتوں پر یقین نہیں کریں، یہ لوگ صرف اپنے چند ویوز کے لیے ایسی خبریں پھیلاتے ہیں، میں الحمدللہ بالکل ٹھیک ہوں اور آپ سب کے سامنے ہوں۔