صبا فیصل اپنی ماں کو ایک بار نظرانداز کرنے پر پشیمان

11-02-2023

(ویب ڈیسک) ماں کا رتبہ ہر ایک کیلئے اہم ہوتا ہے، خواہ آپ کوئی مشہور شخصیت ہی کیوں نہ ہوں ۔

پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کی اور والدہ کی تربیت سے ملنے والی عادات پر بات کی۔ اس دوران وہ جذباتی بھی ہوگئیں۔ صبا فیصل نے بتایا کہ امی کے انتقال سے پہلے تک میں ساری باتیں اُن کے ساتھ کرتی تھی، مگر اُن کے جانے کے بعد کسی کے سامنے کوئی پریشانی بیان نہیں کی جبکہ وہ میری خواہشات، پریشانیاں اور لاڈ اٹھاتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے اپنی والدہ سے اس قدرمحبت ہے کہ اُن کی دوستوں، بھائیوں (ماموں) سے بھی میں ویسے ہی پیار کرتی ہوں جبکہ مجھے ماموں کی آنکھوں میں تو امی کی تصویر نظرآتی ہے جبکہ میرے بھائی جو امی کی جان تھے وہ اب میری بھی جان ہیں۔ صبا فیصل نے کہا کہ میرے بڑے بھائی بے انتہا پیار کرتے ہیں اور ہر بات پوچھتے ہیں مگر میں کبھی اپنا دل کسی کے سامنے کھول کر نہیں رکھ سکی جبکہ چھوٹی بہنوں کو اپنی ہی بیٹی کی طرح رکھتی ہوں۔ انہوں نے ایک واقعہ بتایا کہ والدہ کو میڈیکل ٹیسٹ کی ضرورت تھی اور انہیں بیرون ملک جانا تھا لیکن وہ ٹال مٹول سے کام لیتی رہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ ٹال مٹول کی وجہ ایک بھارتی ڈرامے میں کام کی پیشکش تھی کیونکہ میں بیرون ملک جانا اور اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہتی تھی مگر پھر ساری زندگی اس پر افسوس بھی رہا۔ صبا فیصل نے بتایا کہ والدہ کو دماغ میں سرطان (برین ٹیومر) ہوگیا تھاجس سے اُن کی صحت بہت زیادہ متاثر ہوئی، پھر وہ بستر پر آگئیں اور دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔