وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ، فنشنگ کے کاموں کا جائزہ

11-02-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کی سائٹ پر پہنچ گئے، انہوں نے منصوبے کے فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔

شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ نے بھی سپیڈ پکڑ لی، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے مسلسل دوروں اور مانیٹرنگ سے منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا، پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 95فیصد کام مکمل ہو چکا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے علی الصبح شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کے دورے کے دوران لاہور سے گوجرانوالہ سائٹ پر نوتعمیر شدہ اوورہیڈ برج کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی ایچ اے کو پراجیکٹ کے دونوں اطراف بھرپور شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ داخلی راستے کو پھولدار پودوں اوردرختوں سے خوبصورت بنایا جائے،پی ایچ اے لاہور کے سب سے بڑے داخلی راستے کو خوبصورت بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا شاہدرہ فلائی اوور اسی ماہ کے وسط میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، پراجیکٹ  مکمل ہونے سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پرٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔ کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اورکنٹریکٹر نے منصوبے کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی،اطراف میں سروس روڈ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او،چیف انجینئر ایل ڈی اے اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔