یہ الیکشن ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے لڑنا ہے: شہباز شریف

11-01-2023

(لاہور نیوز) صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ اور برطانوی وکیل عنصر محمود نے الگ الگ ملاقات کی۔

احسان الحق باجوہ نے پارٹی صدر سے تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا، احسان الحق باجوہ اور عنصر محمود نے شہباز شریف کو 21 اکتوبر کے تاریخی اجتماع پر مبارک دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑے جذبے سے کام کیا، پارٹی نے انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، یہ الیکشن ہم نے عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے لڑنا ہے۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ معیشت بحال کرنی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانی ہے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے، ملک سے مہنگائی کے اندھیرے دور کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ اور ہمارا فخر ہیں، معاشی بحالی اور ملکی ترقی کے لئے اوورسیز پاکستانی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر عنصر محمود نے شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آپ کی ملک و قوم کے لئے خدمات کو سراہتے ہیں۔