پرویز الٰہی کو گھر نہ پہنچانے کا معاملہ، پولیس افسران نے غیر مشروط معافی مانگ لی

11-01-2023

(لاہور نیوز) پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں پولیس افسران نے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

جسٹس سلطان تنویر نے قیصرہ الٰہی کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل عامر سعید کا مؤقف تھا کہ عدالت نے پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے سے روکا اور پولیس افسران کو پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر منتقل کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرویز الٰہی کو راستے سے گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر پولیس افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ پولیس افسران کے وکیل شان گُل نے عدالت کو بتایا کہ تمام افسران عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔ جسٹس سلطان تنویر نے کہا بتائیں معاملہ شروع کہاں سے ہوا ؟ایڈووکیٹ شان گُل نے بتایا کہ 13 جولائی کو دو اداروں کو پرویز الٰہی کے خلاف کارروائی سے روکا گیا لیکن توہین عدالت کے فیصلے میں تمام اداروں کو شامل کرکے آرڈر پاس کر دیا گیا جو درست بات نہیں تھی۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو دلائل کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔