حکومتی ہدایات کے مطابق غیرقانونی تارکین کے انخلاکیلئے تیار ہیں: آئی جی پنجاب

11-01-2023

(لاہور نیوز)انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی دو لاکھ فورس حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق غیر ملکی شہریوں کے انخلا کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

اپنے ایک پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ  دنیا کی ہر ریاست اپنی سرحدوں کی حفاظت،قواعد و ضوابط کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کا حق رکھتی ہے، پاکستانی سرزمین سے غیر قانونی تارکین وطن کا انخلا پاکستانی ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاستِ پاکستان نے غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کو وطن چھوڑنے کیلئے کافی عرصہ قبل مطلع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل مربوط پالیسی اور جامع حکمت عملی کے تحت شروع ہو جائے گا،  حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق تمام شہروں سے مقررہ تاریخ کو غیر قانونی تارکین کو ان کے آبائی ممالک بھیجا جائے گا ،غیر ملکی شہریوں کو باہر نکالنے والی تمام ٹیمیں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائیں گی۔  آئی جی پنجاب نے کہا کہ انخلا آپریشن پر متعین تمام ٹیمیں باڈی کیم سمیت دیگر ٹیکنالوجی سے ہر سرگرمی کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گی، پولیس کی دو لاکھ فورس حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق غیر ملکی شہریوں کے انخلا کیلئے پوری طرح تیار ہے، حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق انخلا کے لئےاضلاع کو مختلف تاریخوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ عثمان انور نے کہا کہ جس شخص کے پاس پاکستان میں رہائش کی قانونی دستاویز موجود ہے اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی، قانون نافذ کرنے والے ادارے، انٹیلی جنس ادارے، سپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ حکومت پاکستان کی پالیسی پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائے گی، پنجاب حکومت غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل سپروائز کرے گی، بغیر کسی شکایت اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے کسی بھی جگہ غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں ، پولیس کے پاس غیر ملکی تارکین کا ڈیٹا بیس اور انٹیلی جنس رپورٹس موجود ہیں، غیر ملکی تارکین بڑی تعداد میں کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے پیش نظر پہلے سے انخلا شروع کر چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انخلا کے عمل کو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا، کوئی بھی غیر قانونی تارک وطن پاکستان میں داخل ہوسکے گا نہ رہائش رکھ سکے گا۔