اپنے کام سے کام رکھیں اور ڈیلیور کریں، شاہد آفریدی کی ذکاء اشرف پر شدید تنقید

11-01-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف لوگوں کو خود اپنے خلاف باتیں کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ’ اپنے کام سے کام ‘ رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ذکاء اشرف کسی کلب کے چیئرمین نہیں ہیں، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہیں، انہیں بہت سی چیزوں کو دیکھنا چاہیے۔ شاہد آفریدی نے دعویٰ کیا کہ ذکاء اشرف میڈیا ہاؤسز کے مالکان کو فون کر کے کہتے ہیں لوگ میرے بارے باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ آپ میڈیا ہاؤسز کے مالکان کو فون کرکے کہہ رہے ہیں کہ یہ میرے بارے میں یہ باتیں کر رہا ہے، وہ میرے بارے میں یہ باتیں کر رہا ہے، خدا کے لئے آپ چیئرمین ہو، آپ ڈیلیور کرو، کام کرو۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ آپ کے بارے اس لئے باتیں کر رہے ہیں کیونکہ آپ ان کو موقع دے رہے ہیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ  ذکاء اشرف صاحب اپنے کام سے تعلق رکھیں، لوگوں کو آپ موقع دے رہے ہیں، ٹیم ورلڈ کپ کھیل رہی ہے اور آپ اپنی طرف سے بیان پر بیان دیے جا رہے ہیں، کبھی بابر کے بارے کچھ کہہ رہے ہیں کبھی کسی اور کے بارے کہہ رہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ خدا کے لئے اپنی کرسی کو مضبوط کریں، لوگوں کی اور ہم کرکٹرز کی آپ سے جو امید ہے، ان چیزوں اور ان مسائل پر کام کریں، چھوڑ دیں کہ کون آپ کے بارے میں کیا کہہ رہا ہے، موقع آپ خود دے رہے ہو، اپنے کام سے کام رکھیں۔