سبزیاں اور پھل پہنچ سے دور، چکن قدرے سستا ہو گیا

10-31-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کے گھنے بادل چھٹ نہ سکے۔ سبزیاں اور پھل پہنچ سے دور ہیں جبکہ چکن قدرے سستا ہو گیا۔

سبز منڈی انتظامیہ کی سرکاری ریٹ لسٹ میں 9 سبزیوں کے دام بڑھ گئے۔ 10 روپے کے اضافے سے پیاز کی قیمت 115 روپے، مارکیٹ میں درجہ اول خشک پیاز کی فروخت  140  روپے کلو  میں جاری ہے۔ ٹماٹر 15 روپے مہنگے ، 140  کی سرکاری قیمت کے برعکس 180 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ لہسن 530  روپے کے بجائے  640  روپے  کلو میں دستیاب ہیں۔ میتھی  کی  سرکاری قیمت 140 روپے کلو مقرر مگر فروخت 190  روپے فی کلو تک ہے۔ شملہ مرچ  کی سرکاری قیمت  145 روپے  مگر مارکیٹ میں   200   روپے کلو میں بک رہی ہے۔ مٹر  360  کی سرکاری قیمت کے برعکس 500  روپے فی کلو تک بکنے لگے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں  5  پھل مہنگے ہو گئے۔ سیب کالا کولو کی قیمت 5 روپے کے اضافے سے  225  روپے کلو مقرر جبکہ   مارکیٹ میں  320 روپے کلو تک فروخت جاری ہے۔ انار بدانہ 20 روپے مہنگا، بازار میں  520  کے بجائے  900   روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ کھجور ایرانی  535  روپے  کے بجائے  اوپن  مارکیٹ میں 650  روپے  میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح انگور  335   روپے کے بجائے مارکیٹ  میں 500  روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔  انڈے مزید ایک روپے مہنگے، فی درجن قیمت 327 روپے مقرر البتہ برائلر 8 روپے کی کمی کیساتھ 471 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ شہری کہتے ہیں آمدن کم اور اخراجات  مہنگائی کی نذر ہو رہے ہیں۔