فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بریسٹ کینسر اور ڈینگی سے آگاہی کیلئے سیمینار کا اہتمام
10-31-2023
(لاہور نیوز) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بریسٹ کینسر اور ڈینگی سے آگاہی کیلئے سیمینار کا اہتمام ہوا۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر مجید چودھری اور ڈاکٹرز کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ نگران وزیر صحت پنجاب نے آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں بریسٹ کینسر بارے آگاہی پھیلانا بہت ضروری ہے، پاکستان میں جینیاتی بیماریوں کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ خواتین میں بریسٹ کینسر تیزی سے بڑھ رہا ہے جو تشویشناک ہے، گنگارام ہسپتال میں تمام تشخیصی ٹیسٹ موجود ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت کا مزید کہنا تھا کہ ڈینگی کے علاج کیلئے بھی گائیڈ لائنز پر نظر ثانی کرنا ہو گی، ایک سو سینتیس ممالک کو ڈینگی وائرس کا سامنا ہے۔