800 سے زائد پروازیں کینسل ہونے کے بعد پی آئی اے آپریشن بحال ہونے لگا

10-31-2023

(ویب ڈیسک) قومی ایئرلائن کا فضائی آپریشن 800 سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کے بعد اب بحالی کی جانب گامزن ہے۔

پی آئی اے کی آج مجموعی طور پر 45 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ قومی ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن بہتری کی جانب گامزن  ہوچکا ہے، جس کے مطابق  آج آپریٹ کی جانے والی پروازوں میں بیشتر تعداد بین الاقوامی فلائٹس کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آج چھوٹے سیکٹر کی پروازوں کی روانگی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے ۔ اندرون ملک کے دورافتادہ مقامات گلگت اور سکردو کی پروازیں بھی آج آپریٹ کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں 8 دن کے بعد کراچی سے کوئٹہ کی پروازیں بھی آج بحال ہو رہی ہیں۔ قبل ازیں ایندھن اور مالی بحران کی وجہ سے پی آئی اے کی 800 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس سے قومی ایئرلائن کو 10 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔