افغانستان کی سری لنکا سے جیت پر بھی عرفان پٹھان کا ڈانس، ویڈیو وائرل

10-31-2023

(ویب ڈیسک) انڈیا میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف افغان ٹیم کی جیت پر ایک مرتبہ پھر سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کے بھنگڑے ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

پونے میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو شکست دیکر ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو روشن رکھا تو سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے سٹوڈیو میں جشن منانا شروع کردیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ قبل ازیں عرفان پٹھان سمیت دیگر بھارتی کھلاڑی افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر خوشی سے نہال نظر آئے تھے جبکہ انہوں نے سٹیڈیم کے اندر افغان کھلاڑیوں کے ساتھ ملکر بھنگڑے بھی ڈالے تھے، جس پر انہیں پاکستانی فینز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ عرفان پٹھان ورلڈ کپ میں آئی سی سی براڈ کاسٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق بھارتی کرکٹرز کے ڈانس کی ویڈیو افغان کرکٹر مجیب الرحمان نے اپنے ٹوئٹر (ایکس) پر شیئر بھی کی۔