سائفر کیس، شاہ محمود کی ٹرائل بارے دستاویزات فراہمی کی درخواست پر سماعت ملتوی

10-31-2023

(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں وائس چیئر مین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ٹرائل سے متعلق دستاویزات فراہمی کیلئےدرخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شاہ محمود قریشی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت  کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ضمانت کی درخواست پر ہم نے نوٹس کردئیے تھے ، آپ کی اس درخواست پر آفس کے اعتراضات ہیں ، ایف آئی آر اور چالان کی مصدقہ کاپیاں لف نہیں کی گئیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کا کوئی حق بلڈوز نہ کیا جائے ، میں نے سب کیلئے یہی کہا ہے کہ کسی قاعدے قانون کے تحت ہی ٹرائل میں جانا ہے ، آپ کی درخواست پر اعتراضات دور کررہے ہیں۔  درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ اس درخواست کو ضمانت کی درخواست کیساتھ سماعت کیلئے رکھ لیں۔ بعدازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔