غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت کا آج آخری روز

10-31-2023

(ویب ڈیسک) غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت کا آج آخری روز ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی تیاری مکمل کر لی۔

اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن نہیں بڑھائی جائے گی، سکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کرکے مشکوک افراد کی نشاندہی کرلی جبکہ وطن واپس جانے والوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ غیرقانونی تارکین وطن کو پنجاب میں 36 مقامات پررکھا جائے گا، ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے ٹھوکر نیاز بیگ  پناہ گاہ میں تارکین وطن کا عارضی کیمپ  قائم کیا گیا ہے۔  ٹھوکر نیاز بیگ  کیمپ  پر بورڈ آویزاں کر کے دیگر انتظامات کے ساتھ نادرا وین بھی پہنچا دی گئی، عارضی کیمپ میں پاسپورٹ اور دیگر عملہ تعینات کر دیا گیا۔  ذرائع کے مطابق عارضی کیمپ میں یکم نومبر کو25تارکین وطن کو رکھا جائے گا، ان غیر ملکی باشندوں کواسی روز متعلقہ ملک کی جانب روانہ کیا جائے گا،ضرورت پڑنے پر شہر میں باقی ماندہ پناہ گاہوں کو عارضی کیمپ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔