سپریم کورٹ بار کے انتخابات کیلئے کل میدان سجے گا

10-30-2023

(لاہور نیوز) سپریم کورٹ بار کے انتخابات کیلئے کل میدان سجے گا۔ 8 نشستوں کے لیے 21 امیدوار مد مقابل ہیں۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے انتظامات مکمل ہو گئے۔ صدارت کے عہدے کیلئے عاصمہ جہانگیر گروپ کے شہزاد شوکت اور حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس میدان میں ہیں۔ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق لاہور سے ہے۔ انتخابات میں ملک بھر سے 3756 ووٹرز وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لاہور کے 1348، اسلام آباد اور راولپنڈی 678، ملتان 243 اور بہاولپور کے 114 وکلا ووٹ ڈالیں گے۔ نائب صدر کی چاروں صوبوں کی چار نشستوں پر 11 امیدوار مدمقابل ہیں۔ سیکرٹری کی سیٹ پر دو امیدوار سید علی عمران  اور سلمان منصور آمنے سامنے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر محمد اورنگزیب خان اور سردار شہباز کھوسہ  میں مقابلہ ہو گا۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر 3 امیدوار علی احمد رانا ، ریاض حسین اور رفعت اسلام مدمقابل ہیں۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار شہزاد شوکت کا کہنا ہے کہ منتخب ہونے کے بعد بار کو سیاسی جماعتوں کا آلہ کار نہیں بننے دیں گے۔ حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار میاں عبدالقدوس کہتے ہیں منتخب ہو کر وکلا سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ووٹنگ 31 اکتوبر کو صبح ساڑھے 8 سے شام 5 بجے تک ہو گی۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے امیدواروں کی کامیابی کا اعلان 3 نومبر کو کیا جائے گا۔