کینال روڈ پر نصب تین سو سے زائد لائٹس بند ہونے کا انکشاف

10-30-2023

(لاہور نیوز) کینال روڈ پر نصب تین سو سے زائد لائٹس بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ حدود کا تعین نہ ہونے سے شہر کے دو بڑے ادارے ذمہ داری لینے سے گریزاں ہیں۔

لاہور میں حدود کا واضح تعین نہ ہونے سے مسائل بڑھنے لگے۔ مفاد عامہ کے کام ایل ڈی اے اور ضلعی حکومت کے درمیان حدود کے تعین کی نذر ہو گئے۔   نئی سٹریٹ لائٹس لگانا تو محال پہلے سے نصب لائٹس بھی بند ہونا شروع ہو گئیں۔ کینال روڈ پر 343 سٹریٹ لائٹس اور بیرل لائٹس خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بیجنگ انڈر پاس کے بیرل میں لگی بیشتر لائٹس خراب ہیں۔ مغلپورہ اور دھرم پورہ انڈر پاسز میں نصب لائٹس بھی جواب دے گئیں۔ ایل ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ نے دو ماہ قبل لائٹس کی مرمت اور بحالی کا کام کیا تھا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کینال روڈ کی لائٹس کو بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔