پنجاب حکومت کی جانب سے جیلوں میں قیدیوں کو طبی سہولیات فراہم

10-30-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے جیلوں میں قیدیوں کو طبی سہولیات فراہم کر دی گئیں۔

نگران وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایت پر کوٹ لکھپت جیل کے 18 قیدیوں کی آنکھوں کی میو ہسپتال میں سرجری کی گئی۔ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے میو ہسپتال کے شعبہ امراضِ چشم میں مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او میو ہسپتال ڈاکٹر ہارون حامد، ایم ایس ڈاکٹر احسن نعمان اور انچارج شعبہ امراضِ چشم ڈاکٹر معین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل میں دورے کے دوران ان قیدیوں کی آنکھوں کے علاج کی ہدایت کی تھی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آنکھوں کی کامیاب سرجری کروانے والے تمام قیدی علاج کی سہولیات سے سو فیصد مطمئن ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے سرجری کروانے والے تمام قیدیوں کو گل دستے پیش کئے۔