بیٹے کی سالگرہ پر ثانیہ مرزا کی تصاویر سے شعیب ملک غائب

10-30-2023

(ویب ڈیسک ) سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے بیٹے ازہان کی سالگرہ تصاویر شیئر کر کے بیٹے کو سالگرہ کی مبارک باد دی لیکن ان تصاویر میں ان کے شوہر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کہیں نظر نہیں آئے ۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر شعیب ملک کی اہلیہ و سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے  بیٹے اذہان کے ہمراہ تصاویر شیئر کر کے انہیں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی ،  تاہم سوشل میڈیا صارفین نے تصاویر میں ان کے شوہر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی کمی کو شدت سے محسوس کیا ہے۔ ثانیہ نے جذبات سے بھرپور پوسٹ کے عنوان میں لکھا کہ ہماری زندگی کے سب سے روشن ستارے کو سالگرہ مبارک ہو، میرے گرد چاہے جتنی بھی تاریکی ہو تمہاری مسکراہٹ اسے بہتر بنا دیتی ہے، غیر مشروط پیار کا مطلب بتانے کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ہر سال میں تمہیں مزید قریب سے تھاموں گی۔ ثانیہ مرزا کی جانب سے بیٹے، اپنے والدین اور بہن کے ساتھ تصاویر لی گئی ہیں جس نے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔  اسی طرح شعیب ملک کی جانب سے بھی پوسٹ کی گئی تصاویر میں ثانیہ ان کے پیچھے تو موجود ہیں لیکن ساتھ  نہیں ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر بیٹے کی سالگرہ کی تقریب سے تصاویر پوسٹ کر کے بیٹے کو سالگرہ کی مبارک باد دی تھی۔