شہر لاہور میں ترقیاتی کاموں کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے گئے

10-30-2023

(لاہور نیوز) شہر لاہور میں ترقیاتی کاموں کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے گئے۔ چار ماہ کے لئے پیش ہونے والے ترقیاتی بجٹ میں سابق نون لیگی ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سکیموں کیلئے فنڈز مختص کیئے گئے۔

لاہور کیلئے الیکشن سے پہلے ترقیاتی سکیموں کی نوید آ گئی۔ 18ارب 16 کروڑ روپے سے سڑکوں ، گلیوں اور سیوریج کی مرمت و بحالی کی جائے گی۔ شہر بھر میں 279 صوبائی اور قومی حلقوں کی مد میں 186 سکیمیں رکھی گئیں۔ صوبائی ترقیاتی کاموں کی  مد میں 10 ارب 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز لگائے جائیں گے۔ سابق ارکان قومی اسمبلی کو 7 ارب 71 کروڑ 8 لاکھ روپے کے فنڈز ملیں گے۔ این اے 132 میں شہباز شریف کی 54 سکیموں کیلئے 3 ارب 87 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیئے گئے ہیں۔ این اے 124 میں حمزہ شہباز کی 6 سکیموں کے لیے 10 کروڑ روپے رکھے گئے۔ اسی طرح پی پی 146 میں حمزہ شہباز کی 33 سکیموں کے لئے 70 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے گئے۔ این اے 134 میں رانا مبشر اقبال کی 39 سکیموں پر 1 ارب 94 کروڑ سے زائد لگائے جائیں گے۔ پی پی 153 میں خواجہ عمران نذیر کی 1 ارب 1 کروڑ کی 24 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ دیگر سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز کے حلقوں میں بھی کروڑوں روپے لگائے جائیں گے۔ شہر میں اربوں روپے کی ترقیاتی سکیمیں چار ماہ کے بجٹ میں مختص کی گئی ہیں۔