ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر کارروائی، درجنوں غیرقانونی تعمیرات مسمار

10-30-2023

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور اور ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ رافعہ حیدر کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ لاہور میں درجنوں غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔

چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اقبال فرید اِن ایکشن نظر آئے۔ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن میں ابدالی چوک میں واقع غیرقانونی پلازہ کی دُکانیں توڑ دی گئیں۔ اقبال فرید کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر واقع کفایت مارٹ پر پلرز کی تعمیر بند کرا دی گئی ہے۔ بہاولپور روڈ پر واقع غیرقانونی کمرشل تعمیر کو بھی زمین بوس کر دیا گیا۔ چوک چوبرجی میں واقع ہجویری سینٹر پر جاری تعمیر کو سِیل کر دیا گیا۔ موہنی روڈ ، بلال گنج  اور لکشمی چوک کے گردو نواح میں بھی غیرقانونی تعمیرات کو سربمہر کر دیا گیا۔ آپریشن میں ایم او پلاننگ محمد سلیم ، زیڈ او آر سہل گوندل ، زیڈ او پی طاہر گجر سمیت دیگر ملازمین نے حصہ لیا۔ کمشنر لاہور کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹیموں کا کمرشلائزیشن فیس نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ نیو مسلم ٹاؤن میں سالانہ کمرشلائزیشن فیس کی عدم ادائیگی پر 3 درجن سے زائد املاک کو سربمہر کر دیا گیا۔ آپریشن ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون وَن عائشہ مطاہر کی زیر نگرانی کیا گیا۔ سربمہر کی گئی املاک میں نجی دفاتر، نجی سکول، بیکری ، کلینک اور سٹور وغیرہ شامل ہیں۔ املاک کے ذمے ایک کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔ ایل ڈی اے کی طرف سے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور سوشل سکیورٹی سروسز کا دفتر بھی کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر سربمہر کر دیا گیا۔