آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مزید فنڈز جاری کر دیئے

10-30-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مزید فنڈز جاری کر دیئے۔

پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید 13 لاکھ 42 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دئیے۔ لاہور پولیس کے کانسٹیبل محمد اویس کو ٹانگ کے علاج کیلئے 3 لاکھ 53 ہزار 350 روپے دئیے گئے۔ کانسٹیبل محمد عاصم کو بیٹی کے کینسر کے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے فراہم، شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد اطہر صدیقی کی اہلیہ کو علاج معالجے کیلئے 89 ہزار 461 روپے دے دئیے۔ شہید محمد انور کی اہلیہ کو آنکھوں کے آپریشن کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔ اے ایس آئی محمد سعید کو ٹانگ کے آپریشن کیلئے 3 لاکھ روپے فراہم کر دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری لگائی، شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سنے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ڈی پی اوز کو اپنی نگرانی میں انکوائری کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی درخواستوں پر ایڈمن ، ڈسپلن اور ویلفیئر برانچ کو میرٹ کے مطابق فوری ریلیف دینے کا حکم دیا۔