پولیس پٹرولنگ و مانیٹرنگ کی ازسرنو منصوبہ بندی، تھانے کیٹیگریز میں تقسیم

10-30-2023

(لاہور نیوز) جرائم کی سرکوبی اور شہریوں کی حفاظت کیلئے نائٹ پٹرولنگ اور مانیٹرنگ کی ازسرنو منصوبہ بندی کرتے ہوئے لاہور کے تھانوں کو مختلف کیٹیگریز اور بیٹس میں تقسیم کردیا گیا۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈویژنل ایس پیز سیف سٹی سینٹر سے نائٹ پٹرولنگ کیلئے تعینات کیے گئے ہیں،سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے کرائم پاکٹس اور ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کی جارہی ہے جبکہ سیف سٹی کی مدد سے پولیس گشت اور ناکہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کرائم ہیٹ میپ کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے فورس تعینات کی جارہی ہے،ڈولفن فورس، پی آر یو اور لاہور پولیس مل کر پٹرولنگ کو مؤثر بنائیں گے جبکہ ایل ٹی ای ہینڈ سیٹس اور فیشل ریکگنیشن کیمروں کی مدد سے بھی سرویلنس جاری  رہے گی۔ اس حوالے سے ایس پی ارتضیٰ کمیل کا کہنا ہے کہ غیر ذمہ داری اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی،کرائم فائٹنگ کیلئے سیف سٹیز سسٹم سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،  ون فائیو(15) کال پر بروقت ریسپانڈ اور ریسپانس ٹائم کم سے کم کرنا ہے۔