ورلڈ کپ کے بعد ماہرین کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے: ذکا اشرف
10-29-2023
(لاہورنیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ ختم ہونے پر ہم نے اگلے منصوبے تیار کر لیے ہیں، ماہرین کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پچھلے بورڈ کے چیئرمین نے کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنے کی این او سی دی تھی، ورلڈ کپ کا وقت آیا تو کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل سامنےآگئے، کھلاڑیوں کو این او سی جو دیے گئے اس کی قیمت ایشیاکپ، ورلڈ کپ میں دے رہے ہیں۔ ورلڈ کپ ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ذکا اشرف نے کہا کہ انگلینڈ دفاعی چیمپئن ہے وہ بھی پوائنٹس ٹیبل پر ہم سے بھی نیچےہے، ایونٹ کےدوران کھلاڑیوں کو برا بھلا نہ کہاجائے،انکا مورال ڈاؤن ہوتا ہے، نتائج کچھ بھی ہوں ورلڈ کپ کے بعد جو ماہرین رائے دیں گے اس کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ ذکا اشرف نے کہا کہ دنیا بھر میں کھلاڑیوں کو بہت بھاری تنخواہیں دی جا رہی ہیں، میری سوچ تھی کہ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں کھیلنے کے لیے زیادہ پیسے دیں، کھلاڑیوں کو ایک دو لیگز کے لیے اجازت دیں،کھلاڑیوں کو لیگز سے روکیں اور نیشنل ڈیوٹی کے لیے استعمال کریں۔ پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف نے مزید کہا کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں،نجم سیٹھی کو بھی فیئرویل دینا چاہتا تھا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے ان سے تعاون کرنے کو کہا تھا، پچھلے تین چار جو چیئرمین رہے انہوں نےکوئی پلان ہی نہیں کیا، یہ کمزوریاں ہیں جو ورلڈ کپ کے بعد کم کریں گے۔