عاقب جاوید نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی سب سے بڑی غلطی بتا دی

10-29-2023

(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے جاری ورلڈکپ میں پاکستان کی سب سے بڑی غلطی سے پردہ اٹھا دیا ۔

عاقب جاوید نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاری ورلڈ کپ میں قومی ٹیم سے کئی غلطیاں سرزد ہوئی ہیں مگر سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ یہ ورلڈ کپ کی تیاری کے ساتھ آئی ہی نہیں ہے۔ دوسری غلطی یہ ہے کہ اس میں ہٹنگ کی صلاحیت نہیں۔ دوسری ٹیمیں چھکوں پر چھکے لگا رہی ہیں۔ آسٹریلیا 10 اوورز میں 10 چھکے لگاتی ہے جبکہ ہم اتنے ہی اوور میں ایک چھکا لگاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیسری غلطی یہ ہے کہ 6 میچز کھیلنے کے باوجود ٹیم پیٹرن نہیں سمجھ سکی ہے کہ شروع کے 25 اوورز میں جتنے رنز بنانے ہیں بنا لو اس کے بعد گیند پرانا ہو کر نرم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے پچ پر گرپ کرتا اور سلو ہوتا ہے جس پر کھیلنا آسان نہیں ہوتا لیکن ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ شروع میں مارنا نہیں ہے۔ درمیان میں جب مارنے کی کوشش کرتے ہیں تو مشکل ہوتی ہے اور ٹیل اینڈرز تو کوئی ذمہ داری لے ہی نہیں رہے اگر جنوبی افریقہ کے خلاف پورے اوورز کھیل جاتے تو 300 کے قریب سکور ہوتا جو بڑا فرق ہوتا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کہا جا رہا ہے کہ پاکستان اچھا کھیلا جبکہ میرے نزدیک قومی ٹیم نے گیم کا کوئی فیز بھی اچھا نہیں کھیلا۔ بیٹنگ فلاپ ہوئی، بولنگ میں مخالف نے مار مار کر درگت بنا دی۔ میچ تو جنوبی افریقہ کے حق میں تھا کہ انہوں نے خود ہی بے وقوفی کرتے ہوئے اپنا چوکر کا سوئچ آن کیا اور اچھے بھلے نارمل کرکٹنگ شاٹس مارتے ہوئے پینک ہوتے گئے اور بے تکے شاٹس مار کر پاکستان کو دوبارہ گیم میں لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارکردگی پر کوئی ایکسکیوز نہیں ہے۔ مکی آرتھر کو ٹیم کی شکست پر حقیقت پسند ہوکر سوچنا چاہیے اور جو خامیاں ہیں اسے تسلیم کرتے ہوئے درستی کی جانب جانا چاہیے۔ کیونکہ یہ بینک جاب نہیں بلکہ آرٹ ہے جس میں ٹی وی پر لائیو پرفارمنس دینی ہوتی ہے۔ اگر بہترین کارکردگی نہیں دکھاؤ گے تو تمہاری جگہ کوئی اور لے لے گا۔