وزیراعظم کا ترکیے کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

10-29-2023

(ویب ڈیسک ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترکیے کے ساتھ خصوصاً اقتصادی شعبے میں کثیرجہتی تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ترکیے کے 100 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام کے نام ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترکیے کے ساتھ اشیاء کی تجارت کے معاہدے اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک پر دستخط سمیت اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ گہری اقتصادی شراکت داری اور مضبوط رابطے آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعلقات آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ترکیے کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک سمیت ادارہ جاتی طریقہ کارکے تحت دفاع، صحت، تعلیم، زراعت، سیاحت، ثقافت اوراقتصادی شعبوں میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گزشتہ ایک سو سال کے دوران خصوصاًصدر رجب طیب اردگان کی متحرک قیادت میں ترکیے کی شاندار ترقی کو سراہا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکیہ کی دوسری صدی کے آغاز پر ترکیہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ، خدا کرے کہ دونوں اقوام کے مابین یہ محبت و احترام کا منفرد رشتہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے۔