بابراعظم کو ’’عظیم کھلاڑی‘‘ قرار دینے پر محمد حفیظ برہم

10-29-2023

(ویب ڈیسک) سابق کرکٹر محمد حفیظ نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو “عظیم کھلاڑی” قرار دینے کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

مقامی ٹی وی کو انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ایسے ہائی پروفائل ٹیگز کے غیرضروری دباؤ کے نتیجے میں پلیئرز پرفارم کرنے سے قاصر رہتے ہیں، میں بابراعظم کو عظیم کھلاڑی نہیں سمجھتا، انہیں شاید یہ اعزاز اِن لوگوں نے دیا ہو جنہوں نے پاکستان اورعالمی سطح پر کھیل کے حقیقی عظیم کھلاڑیوں کو نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ بابرایک “بہت، بہت اچھا” بلے باز ہے اس میں کوئی شک نہیں لیکن اسے “عظیم” کہنا قبل از وقت ہے۔ سابق کپتان نے بابراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان 3 برسوں میں جو پختگی آنی چاہیے تھی وہ نہیں آئی، انہیں جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، شعیب ملک اور وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے بھی بابراعظم کی قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ بطور بیٹر بابراعظم بہترین کھلاڑی ہیں لیکن کپتانی انکے بس کی بات نہیں۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ بابراعظم کچھ آؤٹ آف دی باکس جاکر نہیں سوچتے، جس کا نقصان پاکستانی ٹیم کو اٹھانا پڑتا ہے۔