پاک ترکیہ دوستی محبتوں کی بے مثال داستان ہے، محسن نقوی کا ترکیہ کے 100ویں قومی دن پر پیغام

10-29-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ترکیہ کے 100ویں قومی دن (ری پبلک ڈے) پر پیغام جاری کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترکیہ کے قومی دن پر ترکیہ کی قیادت اورعوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ترکیہ کے رپبلک ڈے کی 100ویں سالگرہ پاکستانیوں کے لئے بے حد خوشی کا باعث ہے، ترکیہ عالمی منظر نامہ پر ایک اہم اسلامی ملک ہے،ترکیہ کی ترقی کے لئے ترکیہ کے عوام اور قیادت کی محنت قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاک ترکیہ دوستی محبتوں کی بے مثال داستان ہے، ترکیہ اور پاکستان ایک دوسرے کی ہر مشکل گھڑی میں امداد اور تعاون کے لئے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ محبت، بھائی چارے، اعتماد اور پارٹنرشپ کا خوبصورت امتزاج ہے۔  محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کی باہمی شراکت داری اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں، پنجاب میں ترکیہ کے مختلف اداروں کی شاندار خدمات کو سراہتے ہیں، پاکستان اور ترکیہ اسلامی برادر ممالک ہیں، ہماری ثقافت، تاریخ اور تہذیب ایک جیسی ہے، اس لیے ہماری دوستی مثالی ہے، ترکیہ کے عوام کے روشن مستقبل اور پاک ترکیہ دوستی کی مزید مضبوطی کے لئے دعا گو ہوں۔