ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پاکستان کی امیدیں برقرار

10-29-2023

(ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے اگرمگر کا سلسلہ تاحال برقرار ہے، قومی ٹیم 4 میچ ہار کر بھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئی تاہم اس کی ساری امیدیں اب دوسری ٹیموں کے نتائج پرہیں۔

سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے سب سے پہلے تو پاکستان ٹیم کو اپنے باقی تینوں میچ اچھے مارجن سے جیتنے ہوں گے۔ خیال رہےکہ پاکستان کو  ٹورنامنٹ میں اب بنگلا دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے میچ کھیلنا ہیں۔ اپنے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو یہ دعا کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقا اور سری لنکا سے بھی ہار جائے۔ اگر ایسا ہی ہوا تو پھر پاکستان کے 10 اور نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹ ہوجائیں گے، لیکن ساتھ ساتھ دوسری جانب سری لنکا کا رزلٹ بھی پاکستان کی نظروں میں رہے گا۔ سری لنکا کواب افغانستان، بھارت، بنگلا دیش اورنیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے، پاکستان کے لیے ضروری ہےکہ سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست  دے مگر ساتھ ساتھ بھارت، بنگلا دیش اور افغانستان میں سے صرف ایک ہی میچ جیتے۔ کیونکہ اگر سری لنکا بقیہ 4 میں سے 3 میچ جیتا تو اس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے۔  نیوزی لینڈ اگر 3 میں سے ایک بھی میچ جیتا تواس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے، ایسی صورتحال میں پاکستان کا کافی انحصار نیٹ رن ریٹ پر  ہوجائےگا۔ ٹورنامنٹ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں اور آخر تک اس آس کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان آئندہ میچوں میں جیتے۔