ورلڈکپ کیسے جیتا جائے؟سہیل احمد'عزیزی ' نے طریقہ کار بتا دیا

10-28-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف کامیڈین اداکار سہیل احمد نے مسلسل شکست کے بعد قومی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے کا طریقہ بتادیا ہے۔

گزشتہ روز چنئی میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو لازمی فتح درکار ہونے والے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی، کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں کی مدد سے قومی ٹیم نے 270 رنز بنائے۔ اس ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کا آغاز جارحانہ تھا، تاہم اختتامی اوورز میں ناقص امپائرنگ اور غلط فیصلوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، 46ویں اوور میں حارث رؤف کی ایک گیند  کریز سے باہر وائڈ بول ہوئی جو شمسی کو پیڈ پر جالگی اور آن فیلڈ امپائر نے اسے ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا جبکہ ڈی آر ایس پر امپائر کال نے انہیں بچالیا۔ جہاں ناقص امپائرنگ اور غلط فیصلوں کی وجہ سے بحث و مباحثے کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں معروف کامیڈین اداکار سہیل احمد نے ورلڈ کپ جیتنے سے متعلق سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھرپور پوسٹ کردی۔سہیل احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ کہا کہ “ورلڈ کپ جیتنے کا اب صرف ایک ہی طریقہ بچا ہے، امپائروں کی جگہ پاکستانی جج تعینات کر دیے جائیں”۔