شہبازشریف سے صادق سنجرانی کی ملاقات، ملکی صورتحال پر گفتگو

10-28-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 21 اکتوبر کے جلسے اور نواز شریف کی اپیلوں کی بحالی پر مبارک پیش کی، صادق سنجرانی نے 16 ماہ کی مخلوط حکومت کی ریاستی خدمات کو بھی سراہا، شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام اور حاجی مدثر قیوم ناہرہ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے قائد نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لئے پارٹی رہنماﺅں کی کاوشوں اور محنت کو سراہا۔ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے جذبے پر فخر ہے، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کے جذبے سے عام انتخابات میں تاریخی عزم سے اتریں گے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنائیں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی ملک و قوم اور پارٹی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔