صوبائی وزیر ماحولیات کی زیر صدارت اجلاس، سموگ کے تدارک کی مہم کیلئے فنڈز منظور

10-28-2023

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا دوسرا اجلاس وزیر اعلی ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بیرسٹر اظفر علی ناصر، وزیر تعلیم منصور قادر اور وزیر قانون کنور دلشاد بھی موجود تھے۔ اجلاس میں دو ایجنڈا آئٹمز اور ایک ایکس ایجنڈا آئٹم کا جائزہ لیا گیا۔ پہلے ایجنڈا کے تحت سموگ کے تدارک کی مہم کے لئے مزید فنڈز دینے کی منظوری دی گئی۔ دوسرے ایجنڈا کے مطابق انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور انٹرنیشنل سینٹر آف کلائمیٹ چینج ٹیکنالوجیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری کو مؤخر کر دیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے معاہدہ پر مزید سٹڈی اور قانونی پہلوؤں کو زیر غور لانے پر اتفاق کیا۔ ایکسں ایجنڈا کے تحت ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کے لئے ورلڈ بینک کی جانب سے تنصیب کیے گئے 10 کم قیمت سنسرز کو دوبارہ فعال کرنے کے لئے سالانہ بنیادوں پر فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے زگ زیگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھٹہ خشت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا جا رہا ہیں۔ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی گئی ہیں۔ کسی انڈسٹریل یونٹ، سٹیل مل اور فرنسس کو سموگ کنٹرول سسٹم(سکربر)کے بغیر آپریٹ نہیں کرنے دیا جا رہا ہے۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس کی مانیٹرنگ اور نگرانی کے لئے ایک ویب ایپ بنائی ہے۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی انڈسٹریل یونٹس میں زہریلی گیسوں کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے سسٹم کی تنصیب کے لئے کوشاں ہے۔ سموگ کے سیزن میں انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کو انوائرمینٹل کوالٹی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے فنڈز درکار ہیں۔ صوبائی وزیر بلال افضل کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سموگ کی موجودہ صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، حکومت کی جانب سے سموگ پر کنٹرول پانے کے لئے فوری و موثراقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، صوبہ پنجاب میں سموگ کے سدباب کے لئے"سموگ رولز 2023"لاگو ہو چکے ہیں، سموگ کے تدارک کے لئے ماحولیات، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو مل کر ایک میڈیا کمپین چلانی چاہیے، سموگ کے سدباب کے لئے ماحولیات و ٹرانسپورٹ کے محکموں اور ڈی جی پی آر کی جانب سے میڈیا پر دیئے جانے والے اشتہار کا پیغام ایک ہی ہونا چاہیے۔ اجلاس میں انوائرمنٹ ، ٹرانسپورٹ اور ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔