چینی کرنسی کو ڈالر اور یورو جیسی حیثیت حاصل ہے: گورنر سٹیٹ بینک

10-28-2023

(ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں قواعد و ضوابط کے لحاظ سے چینی کرنسی آر ایم بی کو دیگر بین الاقوامی کرنسیوں جیسے کہ امریکی ڈالر، یورو اور جاپانی ین کے مساوی حیثیت حاصل ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرکاری اور نجی دونوں شعبے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کیلئے آر ایم بی کا انتخاب کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ جمیل احمد نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارت میں آر ایم بی کے استعمال کو فروغ دینے کی مرکزی بینک کی کوششوں کے نتیجے میں چین سے پاکستان کی آر ایم بی میں درآمدات مالی سال 18 میں تقریباً 2 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 22 میں تقریباً 18 فیصد ہو گئی ہیں۔ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں آئی سی بی سی بینک کے زیر اہتمام ”آر ایم بی کے استعمال کو سرحد پار تصفیہ میں فروغ دینا” کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا اقتصادی اور مالیاتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری کے لین دین کو طے کرنے کیلئے رینمنبی (RMB) کا استعمال ان تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔