پنجاب بھر سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کیلئے تیاریاں فیصلہ کُن مراحل میں داخل
10-28-2023
(لاہور نیوز) پنجاب بھر سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے جامع اقدام اٹھا لیئے گئے۔
31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے تناظر میں غیر قانونی غیر ملکی افراد کے انخلا کے لیے تیاریاں فیصلہ کُن مراحل میں داخل ہو گئیں۔ مختلف آبادیوں میں لوگوں کی سکیننگ اور غیر ملکی افراد کی میپنگ کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں نگر نگر، گلی گلی مصروف عمل دکھائی دیتی ہیں۔ ان ٹیموں کو پاکستان رینجرز اور دیگر فورسز کی جانب سے سکیورٹی کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ جن افراد کے پاس پاکستان میں رہائش کے لیے ضروری دستاویز موجود نہیں انہیں 31 اکتوبر تک از خود ملک چھوڑنے کا کہا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں غیر قانونی افراد رضاکارانہ پاکستان سے واپس جا رہے ہیں۔ یکم نومبر سے ایسے تمام غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی ہو گی جن کے پاس کوئی دستاویز نہیں ہو گی۔