جوہر ٹاؤن کے ایکسپو سینٹر میں جاری پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو اختتام پذیر
10-27-2023
(لاہور نیوز) جوہر ٹاؤن کے ایکسپو سینٹر میں جاری تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو اختتام پذیر ہو گئی۔
پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو کے اختتامی روز نگران وزیر ہاؤسنگ پنجاب بیرسٹر اظفر علی ناصر نے ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے سٹالز کا معائنہ کیا۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے آب پاک اتھارٹی کے تیار کردہ شمسی توانائی سے چلنے والے موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے لوکل مینوفیکچررز اور انٹرنیشنل اداروں کو ایک چھت تلے اکٹھے کرنے پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ سید اظفر علی ناصر کا کہنا تھا کہ ایسی صنعتی نمائشیں ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایکسپو کے ذریعے مقامی اور غیرملکی کمپنیوں کے نمائندوں سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سی ای او پنجاب آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز کا کہنا تھا کہ پانی کا عقلمندانہ استعمال ناگزیر ہے، انرجی اور پانی کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ تین روزہ نمائش میں پولینڈ اور کوریا کے سفیر سمیت دیگر نامور شخصیات نے ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا۔